چیمپئنز ٹرافی 2025: جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 316 رنز کا ہدف دے دیا

 چیمپئنز ٹرافی 2025: جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 316 رنز کا ہدف دے دیا

کراچی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دے دیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس میچ میں جنوبی افریقا نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باوما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں ایسا لگا کہ ان کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ ٹیم کو صرف 28 رنز پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب ٹوبی ڈی زورزی 11 رنز کے ساتھ محمد نبی کی گیند پر حشمت اللہ شاہدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد، ریان رکیلٹن اور ٹیمبا باوما نے شاندار شراکت داری کا آغاز کیا اور دوسری وکٹ کے لیے 129 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی، جس سے جنوبی افریقا کی پوزیشن مستحکم ہو گئی۔ 157 کے مجموعی اسکور پر باوما 58 رنز بنا کر محمد نبی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، مگر رکیلٹن کریز پر ڈٹے رہے۔

ریان رکیلٹن نے شاندار 103 رنز بنائے، لیکن وہ رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد راسی وین ڈیر ڈوسن 52 رنز کے ساتھ میدان میں نمایاں ہوئے، جبکہ ڈیوڈ ملر صرف 14 رنز بنا کر فاروقی کی گیند پر رحمت شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ایڈن مارکرم نے 36 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے میں مزید اضافہ کیا، اور ویان مولڈر نے 12 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نور احمد، عظمت اللہ عمر زئی اور فضل الحق فاروقی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مصنف کے بارے میں