چیمپئنز ٹرافی 2025 : جنوبی افریقہ کا افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ

چیمپئنز ٹرافی 2025 : جنوبی افریقہ کا افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ

کراچی : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں جنوبی افریقہ کی قیادت ٹیمبا باووما کر رہے ہیں، جبکہ افغان ٹیم کی کمان حشمت اللہ شاہدی کے ہاتھ میں ہے۔ یہ میچ چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی کا پہلا میچ ہے۔

ٹاس کے بعد افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو باؤلنگ کرتے، کیونکہ انہوں نے شارجہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف معیاری کرکٹ کھیلی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس بہترین سپنرز ہیں اور وہ جلد وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ جنوبی افریقہ کو کم سکور تک محدود رکھا جا سکے۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہا کہ پاکستان میں عمومی طور پر جو وکٹیں ہوتی ہیں، یہ ان سے مختلف لگ رہی ہے۔ وہ اس بات کا یقین نہیں رکھتے تھے کہ وکٹ کا برتاؤ کیسا ہوگا اور اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ باووما نے امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم ایک اچھا سکور بورڈ پر لگا سکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اپنی باؤلنگ پر مکمل اعتماد ہے اور ان کی ٹیم کی مستقل مزاجی ہی ان کی طاقت ہے، اس لیے وہ صرف ایک سپنر کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی تھی، اور گزشتہ روز بھارت نے بنگلا دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ ایونٹ کا سب سے بڑا معرکہ 23 فروری کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جس کا شائقین کرکٹ بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں