واشنگٹن : امریکی سینیٹ نے بھارتی نژاد امریکی کیش پٹیل کو ایف بی آئی کا نیا ڈائریکٹر منتخب کرنے کی توثیق کر دی ہے۔ انہیں 49 کے مقابلے میں 51 ووٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی، حالانکہ ڈیمو کریٹس نے ان پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔
کیش پٹیل ایف بی آئی کے پہلے بھارتی اور پہلے ایشیائی نژاد ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔ کیش پٹیل کا تعلق نیویارک سے ہے اور ان کا پورا نام کشیپ پرمود ونود پٹیل ہے۔ صدر ٹرمپ نے ان کی نامزدگی کے وقت ان کی وکالت اور تفتیش کے شعبے میں مہارت کو سراہا تھا۔ پٹیل نے اپنا کیریئر نیویارک میں اٹارنی کے طور پر شروع کیا اور پیچیدہ کیسز میں کام کیا۔
ٹرمپ کے دورِ صدارت میں وہ نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر اور وزیر دفاع کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔ پٹیل خفیہ معلومات جمع کرنے کے حوالے سے ایف بی آئی کے اختیارات کو محدود کرنے کے حامی رہے ہیں اور انسداد دہشتگردی کے شعبے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔