ملتان: پاکستان سپر لیگ 9 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کا 167 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کپتان محمد رضوان 82 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ افتخار احمد نے 11 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلوادی۔ ڈیوڈ میلان صفر، ریز ہنڈریکس 9، یاسر خان 8، ڈیوڈویلے25، افتخار احمد34 ، خوشدل شاہ صفر رنز بناسکے۔لاہور قلندر ز کی طرف سے بائولنگ کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے دو، زمان خان نے دو، جارج لنڈے نے ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے میچ میں ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 167 ٹارگٹ دیا۔ اننگز کے آغاز میں ہی لاہور قلندرز کو 3 کے مجموعے پر ہی ان فارم صاحبزادہ فرحان کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔تاہم دوسری وکٹ پر تجربہ کار جوڑی فخر زمان اور رسی ویندر ڈوسن نے 94 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنا کر اپنی ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔
97 کے مجموعے پر اسامہ میر نے یہ خطرناک پارٹنرشپ توڑی۔ انہوں نے 54 رنز بنانے والے ڈوسن نے آؤٹ کرکے لاہور قلندرز کی اننگز کی اسپیڈ کو بریک لگانے کی کوشش کی۔سلطانز کے باؤلرز اس کوشش میں اس وقت کامیاب ہوتے نظر آئے جب 114 کے مجموعے پر انہوں نے 41 رنز بنانے والے فخر زمان کو چلتا کیا، فخر کی اننگز کا خاتمہ عباس آفریدی نے کیا۔
اختتامی لمحات میں سکندر رضا کے 23، جہانداد خان کے 16، کارلوس بریتھویٹ کے 15 جبکہ عبداللہ شفیق کے 6 رنز کی بدولت لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی نے دو وکٹیں لیں جبکہ عباس آفریدی اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ لاہور قلندرز کو اب تک اپنے دونوں میچز میں شکست ہوئی جبکہ ملتان سلطانز نے اپنے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی۔