اسلام آباد : بلوچستان میں حکومت سازی کے معاملے میں مسلم لیگ (ن) نے جمعیت علماء اسلام (ف) سے بلوچستان میں حکومت سازی پر معذرت کرلی ہے۔
اسلام آباد میں ماضی کی اتحادی جماعتوں ن لیگ اور جے یو آئی کے وفود کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔اس موقع پر جے یو آئی نے بلوچستان میں حکومت سازی سے متعلق بات کی تو اسحاق ڈار نے معذرت کی اور کہا کہ آپ نے دیر کردی ہے۔
ن لیگی سینیٹر اسحاق ڈار نے جے یو آئی وفد کو بتایا کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں شراکت اقتدار کےلیے پیپلز پارٹی سے معاہدہ کرچکی ہے، اب اعلیٰ قیادت ہی اس پر کوئی فیصلہ کرسکتی ہے۔ عبدالغفور حیدر ی نے ن لیگ وفد سے ملاقات میں بلوچستان میں حکومت سازی پر مشاورت کی اور کہا کہ جےیو آئی اور ن لیگ کم از کم بلوچستان میں حکومت بناسکتی ہیں۔
اس پر اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ چار دن سے آپ سے رابطہ کر رہے تھے لیکن رابطہ نہیں ہوا، ہم تو چاہتے تھے کہ مل کر چلا جائے لیکن مولانا آپ نے بہت دیر کردی۔انہوں نے مزید کہا کہ اب ہم نے پیپلز پارٹی کے ساتھ شراکت اقتدار کا معاہدہ کر لیا ہے،ن لیگ بلوچستان میں پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے والی ہے۔
بلوچستان میں حکومت سازی کے معاملے میں ن لیگ نے جے یو آئی سے معذرت کرلی
10:06 PM, 21 Feb, 2024