عہدوں کی بندر بانٹ کی گئی ہے،میرٹ پر فیصلہ ہوا تو جلد عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے : اسد قیصر

04:16 PM, 21 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ  عہدوں کی بندر بانٹ کی گئی ہے،میرٹ پر فیصلہ ہوا تو جلد عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے ۔ اسد قیصر  نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا 
 سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ  عہدوں کی بندر بانٹ کی گئی ہے،میرٹ پر فیصلہ ہوا تو جلد عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے ۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے تاریخ کے بدترین الیکشن کرائے ہیں، کراچی اور پنجاب میں ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ عوام میں جائیں گے اور قانونی جنگ بھی ہوگی، کوئی بھی وزیر اعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ بننے جا رہا ہے، ہمیں اب بھی عدالتوں سے امید ہے۔

انہوں نے کہاکہ  ن لیگ کے پاس 23 سیٹیں نہیں ہیں ، ان لوگوں کو شرم و حیا اور وقار ہونا چاہیے۔جعلی وزیر اعظم اور کابینہ ہوگی تو ان لوگوں کو کوئی بھی قبول نہیں کرے گا۔ تحریک انصاف کو بوگس طریقے سے باہر رکھا گیا جب کہ پنجاب میں ہمارے 220 اور وفاق میں 180 مینڈیٹ ہیں، شہباز شریف میں اخلاقیات ہو تو شکست تسلیم کریں کہ وہ اقلیت میں ہیں اکثریت میں نہیں ہیں۔ فارم 45 انوکھی دستاویز ہے،ہمیں معلوم ہے کہ جعلی ٹھپے لگائے جارہے ہیں۔

رہنما تحریکِ انصاف نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بانی چیئرمین سےملنےکی اجازت لی تھی لیکن جیل انتظامیہ نےمجھےکہا  کل آئیں، کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے پھر آؤں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی کے انکشافات پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، ایک اسسٹنٹ کمشنر بھی سامنے آیا ہے، چیف جسٹس کے لیے آئین مقدم ہے تو اس کیس کو دیکھیں۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے ان کے پاس بڑے دفتر آجائیں اور وہ عوام کو بتائیں گے کہ ان سب میں ہم شامل نہیں۔ یہ پی ڈی ایم 2 ہے ان لوگوں نے ملک کو کنگال کیا۔

مزیدخبریں