8 فروری کے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج ، درخواست گزار  پر 5 لاکھ روپےجرمانہ عائد

11:06 AM, 21 Feb, 2024

اسلام آباد: ‏سپریم کورٹ نے 8 فروری کے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست خارج کر دی اور  درخواست گزار علی خان پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے 8 فروری کے عام انتخابات کالعدم قرار دینے کی بریگیڈیئر ریٹائرڈ علی خان کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی عدم پیشی پر عدالت نے درخواست کو خارج کرتے ہوئے علی خان  پر 5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ درخواست گزار علی خان کی ای میل سپریم کورٹ کو موصول ہوئی اور درخواست گزارنے ای میل کے ذریعے بیرون ملک موجود ہونے سے آگاہ کردیا لہٰذا ریاست یقینی بنائے کورٹ مارشل ہوا شخص بریگیڈیئرکا رینک استعمال نہ کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر  علی خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ عدم حاضری پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو  درخواست گزار کو پکڑ کرعدالت میں پیش کرنے کاحکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ میں دائر ہونے والی درخواست میں علی خان نے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ ان انتخابات کو کالعدم قرار دے کر اپنی زیر نگرانی 30 روز میں ملک میں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں۔

مزیدخبریں