کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 10 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے عمدہ کارکردگی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست دیدی ہے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔
شائی ہوپ 47 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مرزا بیگ 31، فخر زمان 22، کامران غلام 21، حسین طلعت 26، سکندر رضا 32، ڈیوڈ ویزا 1 اور راشد خان 11 رنز بنا سکے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قیس احمد اور اوڈین سمتھ نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد حسنین اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 135 رنز ہی بنا سکی۔ جیسن روئے 48 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ مارٹن گپٹل 15، محمد حفیظ 25، افتخار احمد 6، محمد نواز 2، اوڈین سمتھ 9، سرفراز احمد 16، قیس احمد 9 اور محمد حسنین 1 سکور بنا سکے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویزا نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ راشد خان اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، طاہر بیگ، شائی ہوپ، کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا، راشد خان، ڈیوڈ ویزا، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے، مارٹن گپٹل، افتخار احمد، عبدالواحد بنگلزئی، محمد حفیظ، محمد نواز، اوڈین سمتھ، محمد حسنین، نسیم شاہ اور قیس احمد شامل تھے۔