ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے: کینیا کے صدر کی وزیر اعظم کو یقین دہانی 

09:22 AM, 21 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کینیا کے ساتھ پاکستان کے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی بھرپور خواہش کا اظہار کیا ہے۔ 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو کو ٹیلی فون کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

افریقہ کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے تعاون کے تمام شعبوں میں کینیا کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی بھرپور خواہش کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کینیا میں قتل ہونے والے معروف پاکستانی صحافی مرحوم ارشد شریف کا معاملہ اٹھایا۔ وزیراعظم نے پاکستانی تحقیقاتی ٹیموں کو اب تک فراہم کئے گئے تعاون پر کینیا کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان مرحوم ارشد شریف کے کیس کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ وزیراعظم نےکینیا کی جانب سے تحقیقات کے دوران مزید تعاون کی درخواست کی ۔ کینیا کے صدر نے وزیراعظم کو اس معاملے میں مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔

مزیدخبریں