اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی ۔
کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی۔ وکیل گوہر خان نے کہا کہ 9 سے 21 تاریخ تک عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آرہی ہیں.ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔ان کی ٹانگ میں درد ہے ۔ 28 فروری کو عمران خان کا ایکس رے ہو جائے گا ۔
فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کا ایم ایل سی دکھا دیں تاکہ انجری کی نوعیت دیکھ سکیں ۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر اعتراض نہیں کیا جس پر عدالت نے 28 فروری تک سماعت ملتوی کردی۔ عمران خان کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے فرد جرم بھی عائد نہیں ہوسکی۔