اسلام آباد :مفاہمت کے بادشاہ آصف علی زرداری کی ایک طویل عرصے بعد مولانا کیساتھ ایک طویل نشست ہو ئی جس میں پہلی دفعہ آصف زرداری نے اپنے پتے شو کروانے شروع کر دئیے ،مولانا سے ملاقات کے بعد آصف زرداری کا کہنا ہے کہ حکومتی اراکین بھی رابطوں میں ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمن کی طرف سے دئیے گئے عشائیے میں آصف زرداری کی تواضع نت نئے کھانوں سے کی گئی جس مٹن کی سجی ، جھینگے فرائی مچھلی دال چاول اور مٹن چانپیں بھی شامل تھیں ۔
ملاقات کی اندرونی کہانی کے مطابق مولانا فضل الرحمن اور آصف علی زرداری نے تحریک عدم اعتماد پر پوری اپوزیشن کو ایک ساتھ لیکر چلنے پر اتفاق کرلیا ہے مولانا فضل الرحمن نے آصف علی زرداری کو شہبازشریف سے لاہور میں ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا، آصف علی زرداری سے ایک دوروز میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف ملاقات کریں گے۔
سابق صدر آصف علی زرادری کی پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوئی ،ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق گفتگو ہوئی ،مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نا اہل اور نا لائق حکمرانوں کے جانے کا وقت آگیا ہے،مہنگائی اور بے روزگاری سے لوگ تنگ آگئے ہیں، سلیکٹیڈ حکومت عوام میں اپنا اعتماد کھوچکی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کی نظریں اپوزیشن کی طرف ہیں، حکومت کے اتحادی بھی حکومت سے تنگ آچکے ہیں،اپوزیشن کی تیاری مکمل ہے، حکومتی آراکین بھی رابطوں میں ہیں ۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد اب آصف علی زرداری مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی روشنی میں لاہور میں شہبازشریف سے ملیں گے، ذرائع کا کہنا ہے آصف زرداری کی چوبیس فروری کو سراج الحق سے بھی ملاقات کرینگے ۔