راولپنڈی : بلوچستان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے کیپٹن حیدر عباس شہید ہو گئے۔انہیں کراچی میں سپرد خاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کوہلو کے قریب خفیہ اطلاعات پر ایک ٹھکانے میں دہشت گردوں کی موجودگی پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ جیسے ہی سیکیوررٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لینا شروع کیا دہشت گردوں نے ٹھکانے سے فرار ہوتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن حیدر عباس نے دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں بلوچستان میں محنت سے حاصل ہونے والے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کیپٹن حیدر عباس کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں حاضر سروس افسران، جوانوں، شہید کے لواحقین اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔