تہران: ایران میں ایک سکول کے قریب میدان میں جنگی طیارہ گرنے کے باعث 2 پائلٹس اور ایک شہری ہلاک ہو گئے جبکہ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے شہر تبریز میں جنگی طیارہ گرنے سے اس میں سوار 2 پائلٹس اورایک شہری ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والا شہری کھڑی گاڑی میں بیٹھا تھا جس پر طیارے کا ملبہ جا گرا۔
ایرانی فوجی حکام کے مطابق یہ طیارہ ٹریننگ کیلئے استعمال کیا جاتا تھا اور تکنیکی خرابی کے باعث سکول کے قریب ایک میدان میں گرکرتباہ ہوا اور اس میں سوار دونوں پائلٹس ہلاک ہو گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے پائلٹ صادق فلاحی اورعلی رضا حنیف زاد طیارے کا ایجیکشن سسٹم استعمال کر کے حادثے میں محفوظ رہ سکتے تھے تاہم انہوں نے شہری آبادی کو بچانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔