تحریک عدم اعتماد والوں کو پیغام ،اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہیں: سینئر وزیر سردار تنویر الیاس

04:24 PM, 21 Feb, 2022

مظفر آباد:تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور سینئر وزیر سردار تنویر الیاس نے کہا پاکستان میں عدم اعتماد لانے  والوں کو کچھ بھی حاصل نہیں ہو گا،عمران خان  مدت پوری کریں گے۔

تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے اگلے پانچ سال بھی عمران خان کے ہوں گے،وزیراعظم پاکستان جو  چاہیں گے ،ہم اس پر عمل  کریں گے۔ جولائی کا الیکشن ہوا  انتخابی مہم ہم نے چلائی  لیکن وزیر اعظم پاکستان کے حکم   پر عبدالقیوم نیازی وزیر اعظم بنے  تو اگر اب وزیر اعظم پاکستان کوئی اور حکم دیں گے تو اس پر بھی عمل ہو گا ۔

انہوں نے عدم اعتماد لانے والے سن لیں انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا،اگلے پانچ سال بھی تحریک انصاف کے ہیں ۔

واضح رہے اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا  تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کی طرف سے نئی ڈیل کا اشارہ ہے ،ان کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز اور ہمارے اتحادی ان کے احتساب سےبچنےکی کوششوں کوناکام بنائیں گے، وزیراعظم عمران خان  نےواضح  طور پر کہاہے کہ این آراوکاامکان زیروہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں اکثر و بیشتر سربراہان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی کیونکہ اجلاس ہنگامی طور پر بلایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ہم اس ناجائز حکمران کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے اور اس سلسلے میں حکومت کی حلیف جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے کہ وہ اپنا اتحاد ختم کریں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومتی حلیف جماعتیں ملک و قوم پر رحم کریں، ملک کے مستقبل اور عوام کی بدحالی کو مدنظر رکھیں اور ایسی حکومت کے اتحادی بننا سیاسی اور اقتصادی طور پر ملک کے لیے مفید نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ہم ایک وفد بھی تشکیل دے رہے ہیں، جس کے ارکان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، یہ حلیف جماعتوں سے رابطہ کرے گا اور ان کو اس مؤقف پر قائل کرنے کی کوشش کرے گا۔ ہم اس حوالے سے پیشگی ہوم ورک مکمل کریں گے، حلیف جماعتوں کے بغیر عدم اعتماد کا ووٹ مکمل نہیں ہو گا۔

مزیدخبریں