اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ نوشہرہ الیکشن میں جو ہوا اس کا نتیجہ جلد سامنے آ جائے گا۔ الیکشن کمیشن جائیں گے اور ثابت کریں گے کہ بہت بڑا گھپلا ہوا ہے۔
پرویز خٹک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا کے حلقہ نوشہرہ پی کے 63 میں دھاندلی سے الیکشن جیتا گیا۔ ہمیں دھاندلی کے ثبوت مل گئے ہیں۔
وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے 6 ہزار جعلی ووٹ ڈالے اور ان ووٹوں کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔ تمام لسٹیں چیک کیں تاہم ووٹوں کی چوری کی گئی اور 2 روز میں لسٹیں چیک کیں تو ان کی چوری پکڑی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ثبوتوں کو عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔ تمام ریکارڈ اور ثبوتوں کے ساتھ کل الیکشن کمیشن جائیں گے اور مجھ سے کوئی نہیں جیت سکتا۔
خیال رہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک کے شہر نوشہرہ میں تحریک انصاف اپنی نشست ہار گئی تھی۔ پی کے 63 کے ضمنی انتخابات کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے اختیار ولی نے 21 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے ۔پی ٹی آئی کے میاں عمر کاکا خیل نے 17 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے۔