کراچی: پاکستان سپر لیگ سکس کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پشاور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے جس کے جواب میں قلندرز نے 141 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 18.3 اوورز میں پورا کر لیا۔
پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور کامران اکمل نے کیا لیکن میچ کی پہلی ہی گیند پر امام الحق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے جب کہ کامران اکمل بھی 5 رن ہی بنا سکے۔ حیدر علی بھی اپنا کھاتا نہ کھول سکے جبکہ شعیب ملک اور شرفین ردرفورڈ نے 26، 26 رنز کی اننگز کھیلیں۔ روی بپارا نے 50 رنز اسکور کیے جبکہ عماد بٹ 11 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، سلمان مرزا نے 2 اور ڈیوڈ ویسے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قلندرز نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا۔ پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان سہیل اختر تھے جو کہ 29 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان اور آغا سلمان بھی پویلین جلد ہی لوٹ گئے ، دونوں نے بالترتیب 15 اور 21 رنز بنائے۔
89 کے مجموعی اسکور پر بین ڈنک کو وہاب ریاض نے کلین بولڈ کر دیا۔ انہوں نے 14 گیندوں پر 22 رنز بنائے اور اس موقع پر حفیظ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹ پر موجود رہے۔
لاہور قلندرز کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سمت پٹیل تھے جو کہ 109 کے مجموعی اسکور پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ راشد خان نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 15 گیندوں پر 27 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلوا دی۔ محمد حفیظ 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور کی جانب سے وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے 2،2 اور مجیب الرحمان اور عماد بٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بہترین بولنگ پر قلندرز کے شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا کیونکہ انہوں نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔