مہنگائی کم کرنا وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے: وزیر خزانہ حفیظ شیخ

05:56 PM, 21 Feb, 2021

کراچی :وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ مالی بحران کے باعث وزیر اعظم عمران خان کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ کراچی میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ اسلام آباد کی سیٹ کوئی ذاتی مقابلہ نہیں سیاسی مقابلہ ہے، منتخب نمائندے اپنی مرضی سے ووٹ دیں گے، چاہتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہوں اور قوم فخر کرے۔


وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی کم کرناوزیراعظم کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم کی اولین ترجیح قیمتوں میں اضافے کو روکنا ہے، دنیا میں گھی کی قیمت بڑھ رہی ہے، درآمدی اشیا پر ٹیکسوں میں کمی کرنا ہمارے لیے چیلنج ہے، اشیاکی قیمتیں نہ بڑھنے دینا بھی حکومت کےلیے چیلنج ہے،وزیراعظم کی پالیسیوں کا محورغریب آدمی ہے، حکومت نے احساس پروگرام کا بجٹ 100 سے بڑھا کر 200 ارب روپے کیا،یوٹیلیٹی اسٹورزکی متعدد اشیاء پرسبسڈی دی جارہی ہے، 72فیصد لوگوں کوبجلی پرسبسڈی دی جارہی ہے، کورونا کے دوران ڈیڑھ کروڑخاندانوں کو 12ہزارفی کس دیئے گئے، احساس کیش پروگرام سےلوگوں کی بلاتفریق مدد کی گئی۔


عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی خوشی سے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتا، مالی بحران کے باعث وزیر اعظم عمران خان کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں، اقتدار سنبھالا تو معاشی حالات بہت خراب تھے، حکومت نے معیشت کو سنبھالنے کے لئے سخت فیصلے کیے، عمران خان کی حکومت آئی تو مالی خسارہ 20ارب ڈالر تھا، 20 ارب ڈالرکا بیرونی خسارہ اب سرپلس ہوچکا ہے، پچھلی حکومت کےدور میں برآمدات صفر تھیں، بنگلا دیش اوربھارت کی ایکسپورٹ کم اور پاکستان کی بڑھ رہی ہیں، عالمی ادارے پاکستان کی بہتر معاشی کارکردگی کا اعتراف کررہے ہیں۔

مزیدخبریں