این اے 221 ضمنی الیکشن، شرپسندوں‌ نے بیلٹ باکس سمیت سامان جلا دیا، 4 گرفتار

05:09 PM, 21 Feb, 2021

تھرپارکر: تھرپارکر کے حلقہ این اے 221 میں‌ ضمنی الیکشن کے دوران چھاچھرو میں‌ شرپسندوں‌ نے بیلٹ باکس سمیت دیگر سامان جلا دیا۔ پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ 

قومی اسمبلی کے اس حلقے میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سمیت 12 امیدوار مدمقابل ہیں تاہم پیپلزپارٹی کے پیر امیر علی شاہ اور پی ٹی آئی کے نظام الدين راہموں میں سخت مقابلہ متوقع ہے ۔ اس حلقے میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 900 ہے جو اپنا حق رائےدہی استعمال کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشنز پہنچنا شروع ہوگئے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

چھاچھرو میں شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں پولنگ سامان جل گیا۔ پولنگ کا عمل بھی معطل رہا اور پولیس نے 4 افراد کو گرفتار کر لیا۔

حلقے میں پولنگ اسٹیشنزکی کل تعداد 318 ہے جن میں سے 95 انتہائی حساس اور 130 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ حلقے میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں، 4 ہزارپولیس اہلکار، ایک ہزاررینجرز کے جوان سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ قومی اسمبلی کی یہ نشست پیپلزپارٹی کے امیدوار پیر نور محمد شاہ جیلانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

مزیدخبریں