لاہور : پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 202 رنز کابڑا ہدف دے دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی کنگزکو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر کراچی کنگز نے چار وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور شرجیل خان نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن شرجیل خان صرف 19 رنز بنانے میں کامیاب رہے اور پولین لوٹ گئے ۔ ان کے بعد ڈلپورٹ آئے لیکن وہ بھی صرف 20 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ چوتھے نمبر پر کپتان عماد وسیم خود میدان میں اتر ے اور انہوں نے بابرا عظم کے ساتھ مل کر شاندار کھیل پیش کیا ۔اوپننگ پر آنے والے بابراعظم نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 56 گیندوں پر 78ر نز بنائے اور رن آوٹ ہو گئے ۔ بابراعظم کی شاندار بلے بازی کی بدولت کراچی کنگز ایک بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی ۔
چوتھے نمبر پر آنے والے عماد وسیم نے نصف سنچری بنائی اور حسن علی کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے ۔پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے دو اور محسن علی نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ڈیرین سیمی نے کہا کہ نیا ٹورنامنٹ اور نیا وینیوہے اس لیے کچھ بھی ہو سکتا ہے ، ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں ، کراچی کنگز کو جلد آوٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہناتھا کہ ہم 170 رنز بنانے کی کوشش کریں گے , وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھی ہے۔
کراچی کنگز کی ٹیم میں چیڈوک والٹن ، بابراعظم ، شرجیل خان ، افتخار احمد ، کیمرون ڈلپورٹ ، محمد رضوان ، عماد وسیم ، عمید آصف ، محمد عامر ، کرس جورڈن ، ارشد اقبال شامل ہیں۔ پشاور زلمی کی ٹیم میں ٹام بینٹن ، لیام لیونگ سٹون ، کامران اکمل ، حیدر علی ، محمد محسن ، شعیب ملک ، ڈیرین سیمی ، لیام ڈوسن ، وہاب ریاض ، حسن علی اور راحت علی شامل ہیں۔