پی ایس ایل 5، کوئٹہ نے اسلام آباد کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی

09:34 AM, 21 Feb, 2020

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ  کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے 19.1 اوورز میں 168 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔ ڈیوڈ ملان 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 4 اور بین کٹنگ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں کوئٹہ نے شروع میں اہم وکٹیں گنوانے کے باوجود نوجوان اعظم خان کی بہترین بیٹنگ کی بدولت 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

کوئٹہ کے کوچ معین خان کے صاحبزادے اعظم خان نے 33 گیندوں 59 رنز کی اننگز کھیلی اور فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

کوئٹہ کو شین واٹسن، احمد شہزاد ، جیسن رائے اور بین کٹنگ جیسے ہارڈ ہٹرز دستیاب ہیں تو اسلام آباد کو رونکی ، کولن منرو، انگرام اور آصف علی کی خدمات حاصل ہیں۔

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انفرادی پرفارمنس اچھی ہوگی تو آگے بھی چیزیں بہتر ہو سکتی ہیں، پی ایس ایل فائیو سے دنیا بھر میں پاکستان کا اچھا امیج جائے گا، بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آئيں گی۔

مزیدخبریں