پی آئی اے نے تھیلسمیا کے مرض میں مبتلا دو بچوں کی پائلٹ بننے کی خواہش پوری کر دی

پی آئی اے نے تھیلسمیا کے مرض میں مبتلا دو بچوں کی پائلٹ بننے کی خواہش پوری کر دی
کیپشن: تصویر بشکریہ پی آئی اے ٹوئٹر

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے تھیلسمیا کے مرض میں مبتلا دو بچوں کی پائلٹ بننے کی خواہش پوری کر دی۔

اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں میک اے وش فاﺅنڈیشن کے تعاون سے دو بچوں عزیفہ علوی اور سمیع حسین جو تھیلسیمیا کے مریض ہیں اور ان کے بارے میں ڈاکٹر اپنی انتہائی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں، کو پی آئی اے کے بوئنگ 777 کے اسمولیٹر میں ایکٹو پائلٹ کی تربیت دی گئی۔ پی آئی اے کے چیف پائلٹ سیفٹی اینڈ کوالٹی ایشورنس کیپٹن عامر آفتاب ٹریننگ انسٹرکٹر تھے۔ تربیتی سیشن پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں کرایا گیا۔

بعد ازاں عزیفہ علوی اور سمیع حسین کو پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ بھی کرایا گیا جہاں پی آئی اے کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر ائیر وائس مارشل سبحان نذیر سیّد اور کیپٹین عامر آفتاب نے دونوں بچوں کو کیپٹن کے رینکس لگائے اور انہیں تحائف دیئے۔

اس موقع پر میک اے وش فاﺅنڈیشن کے سرپرست اعلیٰ اشتیاق بیگ اور دیگر رضا کار بھی موجود تھے۔ اشتیاق بیگ نے پی آئی اے کے صدر و سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کے لئے شیلڈ ائیر وائس مارشل سبحان نذیر سیّد کو پیش کی۔ اپنے پیغام میں ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ وہ بیمار بچوں کی خواہشات پورا کرنے میں میک اے وش اور اشتیاق بیگ کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس کار خیر کے سلسلے میں ہر قسم کے تعاون لے لئے حاضر ہیں جو پی آئی اے کی سماجی خدمات کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بچوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔