سپریم کورٹ نے کوہاٹ کی عاصمہ رانی کے قاتل کی گرفتاری کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیدی

11:33 AM, 21 Feb, 2018

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے کوہاٹ کی عاصمہ رانی کے قاتل کی گرفتاری کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیدی۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے عاصمہ رانی قتل ازخودنوٹس کیس کی سماعت کی ۔دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے مفرور ملزم کیلئے قانون میں ہمدردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ایک ماہ میں رزلٹ دیں ورنہ ڈی جی ایف آئی اے آ جائیں۔

عدالت نے پی ٹی آئی کوہاٹ کے صدر اور ملزم کے چچا کو خبردار کیا اگر کیس پر اثرانداز ہونے کا پتہ چلا تو سخت ایکشن لیا جائیگا۔ کیس کی سماعت کے دوران کوہاٹ پولیس نے عدالت کو تحقیقات میں پیش رفت سے آگاہ کیا ،ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کیے جا رہے ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مفرور کیلئے قانون میں ہمدردی کی کوئی گنجائش نہیں،ایک دن مفرور ملزم پکڑا ہی جائیگا جبکہ کیس کی سماعت ایک ماہ کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔یاد رہے کہ کوہاٹ میں میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کو اس کے کزن نے فائرنگ کرکے قتل کردیاتھا جس کے بعد ملزم بیرون ملک فرار ہوگیا۔

مزیدخبریں