پاکستان کو امریکہ کی واچ لسٹ میں ڈالنے کی مذموم کوشش تین ماہ کیلئے ناکام بنا دی گئی:خواجہ آصف

پاکستان کو امریکہ کی واچ لسٹ میں ڈالنے کی مذموم کوشش تین ماہ کیلئے ناکام بنا دی گئی:خواجہ آصف

اسلام آباد:پاکستان کو امریکہ کی واچ لسٹ میں ڈالنے کی مذموم کوشش تین ماہ کیلئے ناکام بنا دی گئی ہے جبکہ خواجہ آصف کا کہناہے کہ تین ماہ کے بعد جب اس پر دوبارہ نظر ثانی کی جائے گی تو یہی صورتحال ہو گی اور ہمارے اتحادی ممالک ہمارا ساتھ دیں گے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کی کوششیں رنگ لے آئیں ۔انہوں نے کہا ہمارا یہ موقف ہے کہ ہم نے ایسے اقدامات کیے ہیں جس سے واچ لسٹ نام میں ڈالنے کا اقدام درست نہیں ہے اور ہمارا یہ موقف دوست ممالک نے تسلیم کیاہے اوراس قرار داد کو پذیرائی نہیں ملی ۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ اس قرار داد کو پیش کرنے کیلئے 4 ووٹ چاہیے ہوتے ہیں جبکہ اس کو کاﺅنٹر کرنے کیلئے بھی 4 ووٹ درکار ہو تے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہناتھا کہ امریکہ ہمیں واچ لسٹ میں ڈالنے کی کوشش کر رہاہے لیکن ہم اس کا مقابلہ کریں گے۔

فنانشل ٹاسک فورس میں جو ووٹنگ ہوئی اس میں سعودی عرب ،خلیج تعاون تنظیم ،ترکی اور چین نے ہمارے حق میں ووٹ دیاہے۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کو ٹیرر فنانسنگ واچ لسٹ میں ڈالنے کی قرار داد کوفی الحال تین ماہ کیلئے موخر کر دیا گیاہے اور اس پر تین ماہ کے بعد دوبارہ نظر ثانی ہو گی جس میں امید ہے کہ یہی صورتحال ہو گی اور ہمارے اتحادی ممالک ہمارا ساتھ دیں گے اور ہمارا نام واچ لسٹ میں شامل نہیں ہو پائے گا اور ہو سکتاہے کہ روس بھی ہمارے ساتھ کھڑا ہو۔

واضح رہے کہ پاکستان کوواچ لسٹ میں ڈالنے کی تجویز امریکہ اور برطانیہ نے پیش کی تھی جس کے بعد جرمنی اور فرانس نے اس کی تائید کر دی تھی۔