واشنگٹن : ٹیکنالوجی کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور امریکی کمپنی “ایمیزون” نے رواں سال برطانیہ سمیت یورپ میں روزگار کے 20 ہزارنئے مواقع پیدا کرنے کا اعلان کردیا۔کمپنی کے جاری بیان کے مطابق رواں سال اس کے برطانیہ میں واقع کاروباری مراکز پر روزگار کے 5 ہزار نئے کل وقتی مواقع پیدا کیے جائیں گے جس سے اس کے ملک میں موجود ملازمین کی کل تعداد بڑھ کر 24 ہزار تک پہنچ جائے گی۔اس اقدام کا مقصد اس بات کا اظہار ہے کہ یورپی یونین سے انخلاء کے بعد برطانوی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔
اس منصوبے کے تحت سافٹ ویئر ڈویلپرز، انجینئرز اور ٹیکنیشنز کو ان کی تعلیم و مہارت کے اعتبار سے روزگار فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دیگر یورپی ملکوں میں بھی اپنے کاروباری مراکز پر روزگار کے 15 ہزار مواقع پیدا کیے جائیں گے جن میں سے ڈیڑھ ہزار صرف فرانس میں ہوں گے۔