میونخ : جرمن حکام نے بچوں کی بولنے والی گڑیا ”کائلا“ پر پابندی عائد کردی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس گڑیا کے اندر نصب کیا گیا الیکٹرانک پروگرام ہیک کیا جا سکتا ہے جو سکیورٹی کیلئے خطرہ ثابت ہونے کے ساتھ ذاتی معلومات تک رسائی بھی فراہم کرسکتا ہے۔ فیڈرل نیٹ ورک ایجنسی نے گڑیا خریدنے والے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسے تلف کر دیں۔
ایجنسی کے سربراہ یوخین ہومان کا کہنا ہے کہ کائلا گڑیا جرمنی میں ممنوع قرار دی گئی ہے۔ انہوں نے بچوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا مقصد معاشرے کے کمزور ترین ارکان کا تحفظ ہے۔ کھلونے تیار کرنے والی امریکی کمپنی کی تیار کردہ اس گڑیا کے اندر نصب کیا جانے والا الیکٹرانک پروگرام بچوں کو گڑیا کے ساتھ گفتگو کا موقع فراہم کرتا ہے۔ تاہم ہومان نے ایک بیان میں واضح کیا کہ اس سے جاسوسی کا خطرہ ہے اور لوگوں کی خلوت کو خفیہ طور پر نقصان پہنچ سکتا ہے۔
کھلونے کی جانچ کرنے کے بعد ایجنسی کو متنبہ کرنے والے محقق اسٹیون ہیزل کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعے دراندازی کرنے والے اس گڑیا میں نصب غیر محفوظ ”بلیو ٹ وتھ” تک پہنچ کر گڑیا سے بات چیت کرنے والے بچے کی گفتگو کو سن سکتے ہیں۔