اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ کل تک حکومتی مذاکراتی کمیٹی تشکیل پا جائے گی، تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ سول نافرمانی کی تحریک پر عمل درآمد جاری رہے گا، تاہم مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسپیکر نے مذاکرات کے لیے کمیٹی کے قیام کی یقین دہانی کرائی ہے، اور ان کی امید ہے کہ یہ کمیٹی کل تک تشکیل پا جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں اور اسی راستے پر عمل کیا جائے گا۔
جب بیرسٹر گوہر سے سوال کیا گیا کہ لطیف کھوسہ نے سول نافرمانی کی تحریک کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کا اعلان کیا ہے، تو انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک پر عمل ہوگا، مگر مذاکرات کا عمل بھی برقرار رکھا جائے گا۔