کرناٹک : بھارت کے شہر کرناٹک میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کے خلاف عدالت میں ایک انوکھی درخواست دائر کی، جس میں اس کا الزام تھا کہ اس کا شوہر اس کی بجائے اپنی پالتو بلی کا زیادہ خیال رکھتا ہے۔ بنگلور کی ہائیکورٹ میں جسٹس ایم ناگاپراسنا کے سامنے خاتون نے شکایت کی کہ شوہر بلی کو اس سے زیادہ توجہ دیتا ہے اور جب وہ اس بات پر اعتراض کرتی ہے تو لڑائی اور طعنے دیے جاتے ہیں۔
عدالت نے خاتون کی درخواست کا جائزہ لیا اور اس پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس شکایت میں کوئی سنگین الزام نہیں تھا، جیسے کہ شوہر کی طرف سے ظلم یا ہراسانی۔ خاتون نے مزید بتایا کہ بلی اس پر کئی بار حملہ کر چکی ہے اور وہ اس پر نوچتی ہے، لیکن شوہر اس کی شکایت پر توجہ نہیں دیتا۔
جسٹس ناگاپراسنا نے کہا کہ یہ درخواست دراصل شادی اور ساتھ رہنے کے مسائل پر نہیں، بلکہ شوہر اور پالتو بلی کے درمیان توجہ کی جنگ پر مبنی ہے۔ عدالت نے کہا کہ شکایت کے بیشتر پیراگراف میں صرف یہی ذکر تھا کہ شوہر بلی کو زیادہ اہمیت دیتا ہے، اور جب بیوی اس پر اعتراض کرتی ہے تو دونوں کے درمیان جھگڑا ہوتا ہے۔ آخرکار، عدالت نے خاتون کو اس کی فضول شکایت پر تنبیہ کی اور شوہر کے خلاف مزید تحقیقات روک دیں۔