غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی جرم بن گئی، آئی سی سی نے عثمان خواجہ پر  چارج کردیا

07:09 PM, 21 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

سڈنی :غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی جرم بن گئی، آئی سی سی نے عثمان خواجہ پر  چارج کردیا ہے۔پاکستان کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کے دوران فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی پر آئی سی سی نے آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے انہیں ضوابط کی خلاف ورزی پر چارج کر دیا ہے۔

آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے پاکستان کیخلاف پرتھ ٹیسٹ میں فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بازوں پر سیاہ پٹی باندھی تھی۔اس سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران بھی انہوں نے ایسے جوتے پہنے تھے جس پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف نعرے درج تھے اور وہ یہ جوتے پاکستان کے خلاف میچ میں بھی پہننا چاہتے تھے۔

تاہم میچ میں عثمان خواجہ کو جوتے پہننے سے روک دیا گیا تھا جس کے بعد وہ پاکستان کے خلاف میچ میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے میدان میں بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر اترے تھے۔

آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق عثمان خواجہ نے پرتھ ٹیسٹ میں بازوں پر سیا پٹی باندھ کر آئی سی سی کے کلوتھنگ اینڈ ایکیوپمنٹ کے قانون کی خلاف ورزی کی۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ قواعد کے مطابق کھلاڑی ذاتی طور پر پیغام رسائی کے لیے پیشگی اجازت کے  پابند ہیں، عثمان خواجہ نے سیاہ پٹی باندھنے کے لیے کوئی پیشگی اجازت نہیں حاصل کی تھی ، جس پر انہیں چارج کر دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ عثمان خواجہ کو اس کی کیا سزا دی گئی۔قوانین کے مطابق ضابطہ اخلاق کی اس خلاف ورزی پر عثمان خواجہ کو فی الحال صرف تنبیہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 

مزیدخبریں