بلوچ یکجہتی مارچ کے 283 مظاہرین حراست میں ہیں: اسلام آباد پولیس

03:53 PM, 21 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک


اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پولیس نے گذشتہ رات بلوچ یکجہتی مارچ کے 283 مظاہرین کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق مظاہرین کو احتجاج کے لیے اسلام آباد کی ایف نائن پارک اور ایچ نائن کی پیشکش کی گئی مگر انھوں نے ڈی چوک جانے کی ضد برقرار رکھی۔

پولیس کے مطابق یہ شرکا اسلام آباد کے پریس کلب سے دیگر شرکا کے ساتھ ریڈ زون کی طرف جانا چاہتے تھے، جہاں نزدیک ڈپلومیٹک انکلیو، وزرا اور ججز کی رہائش گاہیں ہیں۔

پولیس کے مطابق جب ان مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا تو پھر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور آنسو گیس کا استعمال بھی کیا گیا۔ پولیس نے اپنی کارروائی کو سیلف ڈیفنس قرار دیا۔

پولیس کے مطابق مظاہرین کے خلاف کارروائی کے دوران چار افراد اور تین پولیس والے معمولی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
 

مزیدخبریں