شاہ رخ خان کی فلم 'ڈنکی' نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی، سینما گھروں کے باہر مداحوں کا رش

12:39 PM, 21 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

 ممبئی: بھارتیوں نے ثابت کر دیا کہ ان کیلئے کنگ خان کی فلم ریلیز والا دن کسی جشن سے کم نہیں ہو تا، بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی 2023 کی تیسری فلم ’ڈنکی‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی، سینما گھروں کے باہر مداحوں کا رش لگ گیا۔

راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ کا پہلا شو ممبئی کے مشہور سنگل اسکرین تھیٹر Gaiety Galaxy میں صبح 5 بجکر 55 منٹ ہر ہوا، جہاں مداحوں کے ہجوم نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ کے بعد ’ڈنکی‘ بھی سُپر ہٹ ہونے والی ہے۔

شاہ رخ خان کے مداحوں کی جانب سےفلم کی ریلیز کی کئی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ شاہ رخ کے فین کلبوں کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں، لوگوں کے ایک بڑے ہجوم کو ڈنکی کی ریلیز کو شروع کرنے کے لیے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے اور آتش بازی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ شاہ رخ خان کی اگلی بلاک بسٹر فلم ہوگی۔

اس موقع پر شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ شکریہ لڑکوں اور لڑکیوں کا ایک اچھا شو ہے اور امید ہے کہ ڈنکی سے آپ سب کو تفریح ملے گی۔

راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ کو شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ تاپسی پنو، وکی کوشل اور بومن ایرانی سمیت دیگر اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔

فلم ’ڈنکی‘ کی کہانی چار دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو غیرقانونی طور پر بیرون ملک سفر کرتے ہیں، ’ڈنکی‘ محبت اور دوستی کی ایک ایسی کہانی ہے جسے جذباتی کہانی اور کامیڈی مناظر کے ساتھ لوگوں کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈی کے مطابق فلمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’ڈنکی‘ ریلیز کے پہلے دن 30 سے ​​35 کروڑ روپے تک کا بزنس کرسکتی ہے جبکہ اس فلم کا بجٹ صرف 120 کروڑ بتایا جا رہا ہے۔

شاہ رخ خان کے لیے سال 2023 کیریئر کا بہترین ترین سال ثابت ہوا، میگا اسٹارز کی دو فلمیں ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ بلاک بسٹر ثابت ہوئیں جس کے بعد آج ان کی تیسری فلم ’ڈنکی‘ بھی ریلیز ہوگئی ہے جس کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار تھا۔

مزیدخبریں