ثاقب نثار کی گلی سے بھی کوئی سی سی ٹی وی کیمرا نہیں مل سکا، سابق چیف جسٹس کے گھر پر دھماکے کی ابتدائی پولیس رپورٹ جاری

11:15 AM, 21 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: پولیس نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر گزشتہ رات ہونے والے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا  کہ دستی بم دھماکے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ دھماکے سے سابق چیف جسٹس کی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ثاقب نثار کے گھر دستی بم دھماکا 8 بج کر 40 منٹ پر ہوا،سابق چیف جسٹس کے گھر کوئی سی سی ٹی وی کیمرا نہیں ملا جبکہ ثاقب نثار کی گلی سے بھی کوئی سی سی ٹی وی کیمرا نہیں مل سکا۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی رہائش گاہ پر کریکر حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی جانب سے پھینکا گیا کریکر سابق چیف جسٹس کے گیراج میں گرا اور وہاں کھڑی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ دھماکے سے کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

پولیس کا کہنا تھا  کہ سابق چیف جسٹس کے اہلخانہ محفوظ ہیں، پولیس کانسٹیبل عامر اور کانسٹیبل خرم معمولی زخمی ہوئے، آئی جی پنجاب نے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔

مزیدخبریں