لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) قیادت سے مشاورت کے بعد گورنر پنجاب کو وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق آئینی فیصلہ کرنے کی اجازت دیدی ہے۔
نیو نیوز مطابق پنجاب کی سیاسی صورتحال پر گورنر پنجاب اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان مشاورت مکمل ہو گئی ہے اور وزیراعظم نے پی ڈی ایم قیادت سے مشورے کے بعد گورنر پنجاب کو آئینی فیصلہ کرنے کی اجازت دیدی ہے۔
دوسری جانب چوہدری برادران کے درمیان بھی حتمی مشاورتی راؤنڈ جاری ہے اور آج پارلیمانی پارٹی نے چوہدری پرویز الٰہی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تمام فیصلوں کا اختیار بھی دیدیا ہے۔
مسلم لیگ قائداعظم کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج چوہدری پرویز الٰہی اور پارلیمانی لیڈر ساجد بھٹی کی زیر صدارت ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پارلیمانی پارٹی نے پرویز الٰہی کو تمام فیصلوں کا اختیار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی متحد و یکجان ہے۔