راولپنڈی : ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بنوں آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ 25 دہشت گرد مارے گئے 3 گرفتار ہوئے اور اس دوران 7 دہشت گردوں نے سرنڈر کیا۔دہشت گردی کی تازہ لہر کو ابھرنے نہیں دیا جائے گا جو ہمارے خلاف آیا سرکچل دیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ 48 گھنٹے میں بھرپور کوشش کی گئی کہ دہشت گرد غیرمشروط سرنڈر کردیں جبکہ دہشت گرد افغانستان جانے کے لئے محفوظ راستہ مانگ رہے تھے ان کے اس مطالبے کو مکمل طو رپر رد کیا گیا۔ آپریشن پاکستان افواج کی ہمت، دلیری، عزم او ردہشت گردی کے خاتمے کے خلاف ہماری جنگ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اسٹیٹ کی رٹ ہر حال میں قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 18 دسمبر 2022 ء کو بنوں میں سی ٹی ڈی کمپلیکس میں 35 دہشت گرد زیر تفتیش تھے ان میں سے ایک نے سی ٹی ڈی کے ایک جوان کو قابو میں کرکے اس سے اس کا ہتھیار چھینا اور اپنے دیگر زیر تفتیش ساتھیوں کو آزاد کروا لیا۔ ان لوگوں نے سی ٹی ڈی کمپلیکس میں موجود جو مال خانہ ہے اس میں ضبط شدہ جو ہتھیار ہیں ان کو اپنے قابو میں کرلیا اور فائرنگ شروع کرکے سی ٹی ڈی کے ایک سپاہی کو شہید کردیا ایک زخمی ہوا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کا ایک جے سی او جو تفتیش کے لئے سی ٹی ڈی کمپلیکس میں موجود تھا اسے یرغمال بنا لیا گیا ۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی جیسے ہی سیکیورٹی فورسز وہاں پہنچی اور انہوں نے کمپلیکس کا محاصرہ کرلیا۔