بھارت نے پنجاب سیکٹر میں روسی ساختہ میزائل دفاعی نظام کی تنصیب شروع کر دی

05:52 PM, 21 Dec, 2021

نئی دہلی: پاکستان اور چین سے خطرات کا بہانہ بنا کر بھارت نے پنجاب سیکٹر میں روسی ساختہ میزائل دفاعی نظام ایس 400 کی تنصیب شروع کر دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے بھارت کو ایس 400 میزائل دفاعی نظام کی فراہمی شروع کر دی ہے اور دفاعی نظام کے  پہلے اسکواڈرن کی ترسیل رواں ماہ مکمل ہوجائے گی۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کی جانب سے ایس 400 میزائل دفاعی نظام کا پہلا اسکواڈرن پنجاب سیکٹر میں لگایا جا رہا ہے جو آئندہ چند ہفتوں میں آپریشنل ہوجائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میزائل دفاعی نظام کا پہلا اسکواڈرن سمندری اور فضائی راستے سے پہنچایا جا رہا ہے جسے تیزی سے متعلقہ مقام پر نصب کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن بھارت پہنچے تھے جہاں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور اس کے بعد بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہا تھاکہ بھارت کو رواں ماہ روسی میزائل سسٹم ایس 400 کی ترسیل شروع ہوگئی ہیں جو اب جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود بھارت نے روس کے ساتھ 2018 میں5 دفاعی میزائل سسٹم کی خریداری کا 5.5 ارب ڈالرز کا معاہدہ کیا تھا۔

مزیدخبریں