اسکولوں میں درسی کتب کی کمی پر وزیر تعلیم کو گرفتار کر لیا گیا

05:38 PM, 21 Dec, 2021

نیوویب ڈیسک

تریپولی: لیبیا کے اسکولوں میں طلبا کو درسی کتابوں کی شدید کمی کا سامنا ہے جس کے باعث غفلت برتنے کے الزام پر وزیر تعلیم موسیٰ المقریف کو گرفتار کر لیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبیا کی وزارت تعلیم نے نصابی کتب مفت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا جو وفا نہ ہو سکا جس کے باعث نصاب کے مکمل نہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا جبکہ طلبا اور والدین تعلیمی سال کے ضائع ہونے کے خوف کا شکار ہو گئے۔

مفت نصابی کتب کی فراہمی میں ناکامی پر وزیر تعلیم موسیٰ المقریف کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ وزیر برائے منصوبہ بندی سمیت متعدد دیگر افسران کی بھی گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ وزیر تعلیم کو لاپرواہی اور غفلت برتنے پر گرفتار کیا گیا ہے اور اُن سے نصابی کتب کی طباعت کے معاہدے اور وجوہات کا تعین کرنے لے لیے تفتیش کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ معمر قذافی کے دور کے خاتمے کے بعد سے تعلیمی سال کے آغاز پر ہر طالب علم کو مفت نصابی کتب فراہم کرنے کی سہولت ختم ہوتی جا رہی ہے اور طلبا کتب کی فوٹو کاپی کرا کے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

مزیدخبریں