وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا بلدیاتی انتخابات میں شکست پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ

04:57 PM, 21 Dec, 2021

پشاور: خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ محمود خان نے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی شکست پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی صوبے میں مئیر شپ کی ایک نشست بھی نہیں جیت سکی ہے اور سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ محمود خان اس شکست پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجوہات کی تحقیقات کرائی جائیں گی اور پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی بھی کی جائے گی جبکہ محمود خان جلد ہی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی کریں گے۔ 
معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے اس ضمن میں نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی بلدیاتی انتخابات کے معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے، ان میں شکست کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا اور کسی کے حوالے سے ثبوت ملنے پر کارروائی بھی کی جائے گی۔ 
بیرسٹر سیف نے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی کارکردگی کو انتہائی برا ہونے کا تاثر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بعض اضلاع میں پارٹی امیدواروں کے آزاد حیثیت میں کھڑے ہونے سے بھی نقصان اٹھانا پڑا تاہم پی ٹی آئی امیدواروں نے چیئرمین تحصیل کونسلز کی نشستیں جیتی ہیں اور بونیر سمیت مختلف اضلاع میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

مزیدخبریں