پنجاب میں مارکیٹیں 24 گھنٹے کھولنے کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

04:55 PM, 21 Dec, 2021

لاہور: کورونا وائرس کے کیسز میں بتدریج کمی کے پیش نظر پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب میں کورونا کیسز کم ہونے پر کاروبار کےاوقات کار معمول کے مطابق بحال کر دئیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق 21دسمبر سے پنجاب بھر کے تمام اضلاع پر ہو گا جس کے تحت تمام کاروباری مراکز ہفتہ کے ساتوں دن 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

تمام کاروباری سرگرمیاں احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز کے ساتھ جاری رکھنے کی اجازت ہو گی تاہم ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نوٹی فکیشن کا باقاعدہ اطلاق یقینی بنائیں گے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 42 ہزار 506 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 270 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز اس وبا نے مزید 4 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا، جب کہ مثبت کیسز کی شرح 0.63 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے اور اس کے علاوہ 643 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

مزیدخبریں