کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں خیبر پختوںخوا میں پیپلز پارٹی ابھر کر سامنے آئی ہے۔ جیالے امیدواروں کی حمایت کرنے والے عوام سے اظہار تشکر کرتے کہا خیبرپختونخوا میں جگہ جگہ جیالے امیدواروں نے بہترین مقابلہ کرکے حریف امیدواروں کو مشکلات سے دوچار کیا ۔پیپلز پارٹی نے انتخابات میں تحصیل ناظم کی صرف ایک سیٹ حاصل کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں انتھک محنت کرنے والے کارکنان کو شاباش دیتا ہوں۔ میدان خالی نہ چھوڑنا ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے، خیبرپختونخوا میں پی پی پی ایک مؤثر قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔ پی پی پی امیدوار مزید محنت کریں، عام انتخابات میں بازی جیالوں کے ہاتھ میں ہوگی۔
واضح رہے کہ غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق 64 میں سے 58 سیٹوں کے الیکشن کے نتائج سامنے آگئے ہیں، جمعیت علمائے اسلام (ف) نے دو میئر سمیت 21 تحصیل چیئر مینوں کی سیٹیں حاصل کی ہیں۔ کوہاٹ اور پشاورسے میئر کا الیکشن مولانا فضل الرحمن کی جماعت نے جیت لیا ہے۔
الیکشن میں دوسرے نمبر پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہے ۔ صوبائی حکومت ہونے کے باوجود ابھی تک کوئی میئر کا الیکشن نہ جیت پائی تاہم 14 تحصیل چیئر مینوں کے الیکشن میں فاتح قرار پائی۔
عوامی نیشنل پارٹی نے اب تک 7 سیٹیں حاصل کی ہیں۔ ایک میئر اور 6 تحصیل چیئر مینوں کے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ 9 آزاد امیدوار تحصیل چیئر مین کے الیکشن جیتنے میں سرخرو ہوئے۔ مسلم لیگ ن کے حصے میں 3، جماعت اسلامی 2، پاکستان پیپلز پارٹی 1 اور تحریک اصلاحات پاکستان نے بھی ایک نشست جیتی ہے۔