لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کی بدترین پرفارمنس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کی لیگز میں عدم شرکت کے باعث بھارتی کھلاڑیوں کو نقصان ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی سپورٹس چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے کیلئے فیورٹ تھی لیکن میرے خیال سے پاکستان کیخلاف میچ کے بعد، بالخصوص شاہین آفریدی کے پہلے اوور کے بعد بھارتی ٹیم میچ میں واپس ہی نہیں آ سکی۔
ان کا کہنا تھا کہ مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد بہت سے ایسے بیانات آئے کہ بھارتی ٹیم کی زیادہ تر توجہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) پر مرکوز رہتی ہے۔ بھارتی کھلاڑی اپنی لیگ میں بین الاقوامی کرکٹرز کا سامنا نہیں کرتے اسی وجہ سے وہ بہترین پرفارمنس دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان اور بھارتی کھلاڑیوں نے آپس میں بہت کم کرکٹ کھیلی ہے اور بھارتی بلے باز شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی کا سامنا کبھی کبھار ہی کرتے ہیں۔اگرچہ بھارت نے افغانستان، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کے خلاف اچھا کھیلا، لیکن ان کیلئے سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے بہت دیر ہو چکی تھی۔
وسیم اکرم نے دنیا کی دیگر لیگز میں بھارتی کھلاڑیوں کی عدم شرکت کو نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت اور دنیا بھر کی دیگر لیگز کیلئے نہ کھیلنا ان کیلئے بہت نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے اور بھارتی بورڈ کو اس معاملے پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کی بدترین کارکردگی، وسیم اکرم نے بڑی وجہ بتا دی
03:44 PM, 21 Dec, 2021