ساپورو : معروف جاپانی اداکارہ و گلوکارہ سایاکا کانڈا ہوٹل کی چھت سے گر کر جاں بحق ہوگئیں ۔ پولیس نے تحقیقات میں قریبی لوگوں کو شامل تفتیش کرلیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق 35 سالہ اداکارہ سایاکا شمالی جاپانی جزیرے ہوکائیڈو کے دارالحکومت ساپورو کے ایک ہوٹل کی 22 ویں منزل پر ٹھہری ہوئی تھیں ۔ اداکارہ سایاکا کانڈا ہوٹل کے باہر بے ہوشی کی حالت میں خون میں لت پت پائی گئیں۔اداکارہ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں ۔ہسپتال ذرائع نے اداکارہ کی موت کی تصدیق کردی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی خودکشی کے کیس کے طور پر ہی تحقیقات نہیں کی جائے گی ۔اداکارہ کی ہلاکت میں سازش کے عنصر کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔پولیس نے دائرہ تفتیش بڑھاتے ہوئے ان کے قریبی ساتھیوں کو شامل تفتیش کرلیا ہے ۔ جبکہ اداکارہ کے دوستوں کا کہنا ہے کہ سایاکا خودکشی نہیں کرسکتی۔
واضح رہے کہ اداکارہ و گلوکارہ سایاکا کانڈا ڈزنی کی اینی میٹڈ فلم ’’فروزن‘‘ کے جاپانی ڈب ورژن میں فلم کے مشہور کردار اینا کی وائس اوور کے لیے مشہور تھیں اور تقریباً 20 سال کی عمر سے شوبز کی دنیا سے وابستہ تھیں ۔