لاہورمحکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرداورخشک رہنے کا امکان ظاہر کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرداورخشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کےد وران بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہا،درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم رہا۔ لہہ اور اسکردومنفی 14،استورمنفی10 جبکہ گوپس میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب میں دھند کا راج برقرار ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، موٹرویز کئی مقامات پر بند رہی،تاہم دھند میں کمی اور حد نگاہ بہتر ہونے پر موٹر ویز کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ پنجاب کے میدانی علاقے چند روز مزید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں رہیں گے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں اسموگ تاحال کم نہ ہوسکی ۔ جس کے باعث دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج دوسرے نمبر پر ہے ، جہاں فضا میں آلودگی کی شرح 281ریکارڈ کی گئی ۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہلے نمبر پر ہے ، تیسرے نمبر پر بنگلادیشی دارالحکومت ڈھاکا ، کراچی آج فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے ۔پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں فیصل آباد ، بہاولپور ،گوجرانوالہ اور ملتان نمایاں ہیں ۔