گزشتہ شام اپنے ہمدم دیرینہ، لنگوٹیے دوست ارشد رؤف سی ای او ڈان ڈرگ ایجنسی کی بیٹی مومنہ کی شادی کی تقریب میں گوجرانوالہ شرکت کے لیے جانا ہوا۔ پرانے دوستوں کا ملنا قدرتی بات تھی چودھری ندیم احمد گورایہ، اکرم خان سپرنٹنڈنٹ جیل(ر)، عبدالمجید چغتائی، طارق غزالی بٹ، ملک محمد الفت کمال، حافظ ضیاء الرحمن ڈار، طاہر مسعود گل، عرفان حیدر گورایہ ایڈووکیٹ، چھوٹے بھائی بابر عنایت بٹ سے خصوصی طور پر ملاقات اور گپ شپ رہی۔ عبدالمجید چغتائی نے بتایا کہ امریکہ سے میرے محسن اور جگری یار شاہد چودھری کی بیگم اور بیٹی بھی تشریف لائی ہوئی ہیں۔ میں بہت خوش ہوا اور ان کو سلام کرنے کی غرض سے ان کے پاس چلا گیا، وہاں بیگم عبدالمجید، بیگم طاہر مسعود اور مسز شاہد چودھری تھیں، سلام دعاؤں کا تبادلہ ہوا۔ مسز شاہد کے ساتھ بیٹھی ہوئی ان کی بیٹی زینب کا تعارف کرایا گیا کہ یہ شاہد چودھری کی بیٹی ہیں۔ میں نے روایتی دعاؤں اور پیار کے الفاظ کہے تو بیٹی نے مسکان Smile دی۔ ایک لمحے میں، ایک پل میں، ایک آن میں در و دریچے وا ہوئے اور میں تین دہائیاں پیچھے چلا گیا۔ بیٹی کی مسکان مسکراہٹ بالکل شاہد چودھری کی بولتی ہوئی اس وقت کی تصویر تھی جب ہم فرسٹ ایئر میں تھے بلکہ میٹرک کا رزلٹ ابھی آنا تھا۔ ایک مدت کے بعد میرے دل کو اتنی خوشی ملی۔ ایسی کہ میں نے کہا، بیٹی جب آپ کے والد، اللہ سلامت رکھے، آپ جتنے تھے تو اس سے پہلے ہم دوست تھے۔ بیٹوں کا تو سنا ہے لیکن بیٹیاں بھی باپ کی یوں تصویر ہوا کرتی ہیں، میرے مشاہدات میں اضافہ تھا۔ سادہ پُروقار اور مشرقی تہذیب کا شاہکار تقریب تھی۔ مجھے ایسے ہی محسوس ہوا کہ دوستی ہی میری دنیا ہے۔ اس موقع پر ماہر امور مالیات جناب محمد شفیق بٹ کا تذکرہ بھی رہا اور معروف قانون دان میاں خلیل الرحمن آف کامونکی، جناب حافظ انجم سعید کی کمی محسوس کی گئی جو بوجوہ شرکت نہ کر پائے۔ چھوٹے بھائی بابر عنایت جو کہ شہرہ آفاق باڈی بلڈر رہے، امریکہ میں کافی وقت گزارا۔ وہاں پر جناب محمد علی باکسرؒ اور مائیک ٹائی سن سے ملاقاتیں رہیں۔ امریکی باڈی بلڈنگ کلبوں میں زور آوری کا لوہا منوایا۔ ذکر فن پہلوانی، باڈی بلڈنگ اور باکسنگ سے ہوتا ہوا مائیک ٹائی سن ورلڈ ہیوی ویٹ چمپئن کے ٹویٹ
"Social media made y'all way too comfortable with disrespecting people & not getting punched in the face for it".
تک آ گیا۔ ٹوئٹ ’’سوشل میڈیا نے اب لوگوں کے لئے بہت آسانی پیدا کر دی ہے۔ لوگوں کی بے عزتی کرنا اور پھر وہ کرنے کے بعد اس بات پر مکا نہ کھانا‘‘۔ سوشل میڈیا کی معروف اقسام ٹرینڈز فیس بک، ٹوئٹر، یوٹیوب، گوگل، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور ٹک ٹاک وغیرہ شامل ہیں۔ اب محفلوں کے موضوع بدل چکے، روایات بدل چکیں، کاروبار آن لائن، شادی کے دعوت نامے واٹس ایپ پر آ گئے۔ 5 پیسے لے کر رقعہ پہنچانے والے کی ضرورت نہ رہی، واٹس ایپ یا ٹیکسٹ میسج متعارف ہوئے۔ عید کارڈ، رقعے، ٹیلی گرام سب فارغ ہوئے۔ ویڈیو کال نے اداسیوں کے مزے اُدھیڑ کر رکھ دیئے، مناظر بدل گئے، زمانے بدل گئے، دنیا بدل گئی۔ آج کے دور میں جو عزت بچا پائے بڑی بات ہے ورنہ مائیک ٹائی سن جو کہتے ہیں درست ہے۔ مائیک ٹائسن نے 22 میں 21 مقابلے ناک آؤٹ کر کے جیتے۔ عظیم باکسر محمد علیؒ جب ان کے مقابلے میں آئے تو اس بات سے بے خبر تھے کہ وہ پارکنز کے مریض ہو چکے ہیں، ورنہ نتائج مختلف ہوتے۔ بہرحال تقریب میں سوشل میڈیا اور موبائل جو کہ ایٹم بم کے بعد بدترین ایجاد ہے اور مفید بھی ہے، موضوع بحث رہا۔ اب ٹوئٹر کو ہی لے لیں۔
پی ٹی آئی کا بیانیہ!
٭سابقہ قیادتیں میں ہماری حالت زار کی ذمہ دار ہیں۔
٭جناب علامہ اقبال اپنے خواب کی تکمیل سے پہلے کیوں وفات پا گئے؟
٭جناب جناحؒ پاکستان بننے کے فوراً بعد کیوں انتقال کر گئے؟
٭لیاقت علی خان نے بلٹ پروف جیکٹ کیوں نہ پہنی؟
٭ڈکٹیٹرز کیوں اقتدار/ اختیارات چھوڑتے رہے۔ وغیرہ … مرتضیٰ سولنگی
٭شہباز گل کی پکچر کے ساتھ کیپشن ہے، وہ گٹرلائن جو عمران نیازی کا گند بنی گالہ سے لے کر سوشل میڈیا تک لاتی ہے… راشد مراد۔
٭اگر میں اب بھی کہوں کہ عمران خان بہت اچھا ہے تو میری دو ٹکے کی اوقات نہیں رہے گی، لوگ مجھے بُرا بھلا کہیں گے! کامران خان ویڈیو پیغام۔
٭مجھے نیا پاکستان نہیں چاہیے مجھے پرانا پاکستان چاہیے، جس میں لوگوں کے گھروں کے چولہے جلتے تھے۔ ایسا پاکستان نہیں چاہیے جس میں ارسطو بیٹھ کر 23 کروڑ عوام، کیڑے مکوڑوں کا مذاق اڑائیں کہ کوئی مہنگائی نہیں۔ ملک کا کاروبار چلانے والے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ ووٹ ان کو ملتا نہیں مگر یہ آتے ووٹ کے ساتھ ہیں۔ یہ مراد سعید اور فواد چودھری جیسے ارسطو قوم کا مذاق نہ اُڑائیں، مجھے ایسا پاکستان نہیں چاہیے۔ ذرا ہٹ کے پروگرام میں ثمینہ شاہد کراچی سے۔
٭ایک وقت آئے گا لوگ نوکریوں کے لیے گلگت بلتستان آئیں گے! وزیر اعظم … سید طلعت حسین (دنیا نیوز)
٭ وزیر اطلاعات صاحب، قوت خرید کا بھی ذکر کریں! آخر کیوں بھارت اور بنگلہ دیش کے مقابلے میں سستا پٹرول خریدتے ہوئے پاکستانیوں کی چیخیں نکل رہی ہیں؟ یقینا آپ نہیں بتائیں گے کیونکہ جب جب عوام کی قوت خرید کم ہوتی ہے تب تب ملک پر چوروں کی حکومت ہوتی ہے۔ یہ سنہری قول عمران خان کا ہے… عمران شفقت
٭ اطلاعاً عرض ہے، معاشرہ قضائے الٰہی سے وفات پا گیا ہے، جنازے کا اعلان پنڈی و اسلام آباد کے لواحقین مل کر کریں گے۔ … توفیق بٹ (توفیقات)
٭ شہباز گل اور عمران خان کی فوٹو کے ساتھ کیپشن!
سو گُلو چیتے، تو نے آج کیا کیا ملک کے لیے؟
جناب میں نے صفدر کو ویٹر بولا، مریم اورنگزیب کے کپڑوں کا مذاق اُڑایا۔ … ندیم فاروق پراچہ
٭ ووٹ کو عزت دو۔ نوازشریف
٭ پاکستان کا صوبہ سندھ اب انوسٹمنٹ کے لیے کھلا ہے۔ بلاول بھٹو (دبئی میں)
٭ یہ میرا اصلی ٹوئٹر اکاؤنٹ ہے، باقی ٹوئٹر اکاؤنٹ کی شکایت کریں۔ انور مقصود
٭ میرے لیے بہت مشکل ہے جنگ کے دنوں میں پیدا ہونے والے بچوں کے لیے لکھنا کیوں کہ میں پاکستانی ہوں۔ زیادہ تر پاکستانی نہیں جانتے کہ 1971 میں بنگلہ دیش میں کیا ہوا تھا کیونکہ اس وقت کی ملٹری ڈکٹیٹرشپ نے، جو اقتدار میں تھی، اطلاعات کو دبا دیا تھا۔ حامد میر
٭ پاکستانی قیادت کو ان دنوں افغانستان میں انسانی المیے کی بہت فکر ہو رہی ہے۔ ان کے لیے یہ جاننا بہتر ہو گا کہ ان کی معاشی، سیاسی اور سفارتی کارکردگی کے باعث خود پاکستان میں ایک خوفناک انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ وجاہت مسعود