برطانیہ سے آنیوالے مسافروں کے پاکستان داخلے پر پاپندی عائد

09:34 PM, 21 Dec, 2020

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے پاکستان میں داخلے پر پاپندی لگا دی ہے۔ اس پاپندی کا اطلاق 22 اور 23 دسمبر کی درمیانی شب سے شروع ہو جائے گا اور اس کا اطلاق ابتدائی طور پر 29 دسمبر تک نافذ العمل رہے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے مسافر جو ٹرانزٹ پر ہوں اور برطانوی ائر پورٹ پر نہ اترے ہوں وہ پاکستان آ سکیں گے ۔

پاکستانی شہریوں کو منفی ٹیسٹ رپورٹ میں آنے کی ملک میں اجازت ہو گی۔ پاکستانی مسافر وطن واپس آنے کے لئے 72 گھنٹے پہلے وبا کا منفی ہونے کی ٹیسٹ رپورٹ لے کر آئیں۔ برطانیہ سے آنے والے پاکستانی مسافروں کا ائر پورٹ پر بھی ٹیسٹ کیا جائے گا۔

وبا کا ٹیسٹ منفی آنے تک مسافروں کو سرکاری قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور رپورٹ آنے کے بعد بھی مسافروں کو سات دن تک زبردستی ان کے گھروں میں قرنطینہ کیا جائیگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سات دنوں کے دوران بھی برطانیہ سے آنے والے مسافروں کا وبا کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اس پاپندی کا فیصلہ نیشنل کمانڈ آپریشن سینتر کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ 

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کے وار جاری ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وبائی مرض سے 62 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اموات میں حالیہ اضافے سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 392 ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں عالمی وبا کے فعال مریضوں کی تعداد 40 ہزار 491 ہے۔ 24 گھنٹے میں مزید ایک ہزار 792 نئے کیسز سامنے آئے۔

اس وقت پورے ملک میں کنفرم کیسوں کی تعداد 4 لاکھ 58 ہزار 968 ہے۔ تاہم اس مرض سے لاکھوں شہریوں نے چھٹکارا بھی حاصل کیا جن کی تعداد 4 لاکھ 9 ہزار 85 کے قریب ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 8002، بلوچستان میں 17926، گلگت بلتستان میں 4827، اسلام آباد میں 36257، خیبر پختونخوا میں 55183، پنجاب میں 131933 اور سندھ میں 204840 کنفرم کیس ہیں۔ اس کے علاوہ صوبہ سندھ میں ایکٹو کیسوں کی تعداد 20777، صوبہ پنجاب میں 8297، خیبر پختونخوا میں 4516، اسلام آباد میں 5493، گلگت بلتستان میں 111، بلوچستان میں 375 اور آزاد کشمیر میں 922 ہے۔

اس وبائی مرض سے پاکستان بھر میں مرنے والے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ کے علاقے اس مرض سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

این سی او سی کے مطابق سندھ میں 3333، صوبہ پنجاب میں 3638، خیبر پختونخوا میں 1546، اسلام آباد میں 391، گلگت بلتستان میں 99، بلوچستان میں 179 اور آزاد کشمیر میں 206 اموات اب تک سامنے آ چکی ہیں۔

طبی ماہرین کی جانب سے عالمی وبا کی دوسری لہر کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بچنے کا واحد طریقہ احتیاطی تدابیر ہیں، عوام ایس او پیز پر عمل نہیں کرینگے تو اس وبا سے بچنا مشکل ہے۔ شہری اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کی حفاظت کیلئے احتیاط کو لازم اپنائیں۔

مزیدخبریں