حمزہ شہباز نے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا

07:06 PM, 21 Dec, 2020

لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی پارٹی کا فیصلہ ہو گا اس پر عمل کروں گا اور پی ڈی ایم استعفوں پر جو بھی فیصلہ کرے گی اس کی پاپندی کریں گے۔ انہوں نے کہا حکمرانوں کی ہزار کوششوں کے باوجود پارٹی نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں متعد ہے اور نئے پاکستان والوں کا جلد یوم حساب آنے والا ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا اڑھائی سالوں میں ملک کا  بیٹرہ غرق کر دیا ہے اور معیشت تباہ ہو گئی۔ اس وقت پاکستان اناڑیوں اور کنفیوژ حکمرانوں کے ہتھے چڑھ ہوا ہے جس کی سزا عوام بھگت رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انشااللہ بہت جلد ہی ظلم کی رات ڈھلنے والی ہے اور جلد ہی ملک میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں جمہوریت حقیقی انداز میں پروان چڑھے گی کیونکہ موجودہ حکومت کھوکھلی ہو چکی ہے اور میں وثوق سے کہتا ہوں کہ جب تاریخ میں پاکستان کی ڈوبتی ہوئی تاریخ کی کہانی کو لکھا جائے گا تو اس میں نیب اور عمران خان نیازی کا گٹھ جوڑ پہلے نمبر پر ہو گا۔ 

حمزہ شہباز شریف نے کہا میں اپنے مقدمے یا نیب کی گرفتاری کی وجہ سے فکر مند نہیں ہیں بلکہ مجھے عام ریڑھی والے کی فکر ہے جس کے بچے بھوک سے تڑپ رہے ہیں اور مجھے غریب آدمی کی بے بسی پر بھی رونا آتا ہے۔ سلیکٹڈ حکمرانوں نے قوم کے سینے پر مہنگائی کے جو زخم لگائے ہیں انھیں اب حساب دینا ہو گا اور حکومتی سازشوں سے ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔ 

انہوں نے کہا چینی، آٹا، پیٹرولیم مصنوعات سمیت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے لوگ پریشان ہیں اور وزیراعظم کہتے ہیں کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا لیکن مجھے دور تک کوئی امید کی کرن نظر نہیں آتی۔ ملک اگر معاشی طور پر کمزور ہوتے ہیں تو قومیں ڈوب جاتی ہیں اور تحریک انصاف کی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے۔ 

مزیدخبریں