حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور معیشت کی بحالی ہے: فردوس عاشق اعوان

02:04 PM, 21 Dec, 2020

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور ملک میں معیشت کی بحالی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈیزائننگ کے شعبے میں خواتین کا کردار قابل تحسین ہے، اس شعبے کو محفوظ بنایا جا رہا ہے۔ ڈیزائننگ کے شعبے کو فروغ دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب سے بات ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان طبیعت کی ناسازی کے باعث گھر سے سرکاری امور نمٹا رہے ہیں۔ صوبہ پنجاب کو خود کفیل بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کی پہلی بہترین انڈسٹریل پالیسی دی ہے۔ حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور معاشی سرگرمیوں کا فروغ اور عوامی خوشحالی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فن وادب اور ثقافت کی ترقی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ اقتصادی ترقی کیلئے پنجاب میں واضح صنعتی پالیسی متعارف کرائی گئی۔ روزگار کے مواقع اور تربیت کی فراہمی کیلئے 10 سالہ حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ صنعت پنجاب کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ٹیم کو کریڈٹ ملا کہ انہوں نے صنعتی پالیسی دی۔ صنعتی پالیسی کے تحت 10 سال کیلئے چیلنجز پر توجہ دیتے ہوئے روڈ میپ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں صنعت کا پہیہ چلے اور مزدور کے گھر کا چولہا جلے، اس معیار کو مدنظر رکھنا ہے۔ پنجاب روزگار سکیم صوبائی حکومت کا اہم اقدام ہے۔ کاٹیج انڈسٹری کی ترقی کیلئے بھی خصوصی پروگرام شروع کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 362 سہولت بازار قائم کئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت ذخیرہ اندوزی آرڈیننس لائی۔ چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور معیشت کی بحالی ہے۔ کورونا سے متاثر شعبوں کیلئے منصوبہ سازی کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں