پشاور : ملک بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ، سرد موسم شروع ہوتے ہی جہاں خشک میوہ جات کے ریٹس بڑھے ہیں وہیں انڈوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں مرغی کی قیمتوں کے بعد اب فی درجن انڈوں کی قیمت میں 80 سے لیکر 90 روپے تک کا اضافہ ہوگیا ہے ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق فی درجن انڈؤں کی قیمت میں اضافے کے بعد شہری پریشان ہوگئے ہیں ، 120 روپے درجن ملنے والے انڈوں کی قیمت 200 روپے تک جا پہنچی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہناہے کہ دیسی انڈوں کی قیمت میں بھی کافی فرق آیا ہے ، فی درجن انڈوں کی قیمت 300 روپے تک جا پہنچی ہے ۔ذرائع کا کہناہے کہ سردیاں شروع ہونے سے قبل ہی انڈوں کی قیمت میں ردو بدل کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، پشاور کے ایگ ڈیلرز کے مطابق پولٹری فیڈ اور حکومتی ٹیکسز کی وجہ سے انڈوں کی قیمت میں آئے روز اضافہ ہورہاہے ۔
ٹیکسوں میں اضافے سے پولٹری فیڈ میں اضافہ ہورہاہے ، جس سے انڈوں کی پروڈکشن بھی متاثر ہورہی ہے ۔ انڈوں کی پیدواوار کم ہونے کے سبب مارکیٹ میں ریٹ بڑھ گئے ہیں ۔ صرف ایک ماہ میں انڈوں کی قیمت میں چالیس روپے تک اضافہ کی اطلاعات ملی تھیں ، جبکہ اس ماہ اس میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔
پشاور میں انڈوں کی فی درجن قیمت اس وقت 200 سے لیکر 210 روپے ہوچکی ہے ۔