جدہ : سعودی عرب نے نئے کورونا ضوابط کے تحت محدود جگہ پر 50 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کردی ہے ۔
تفصیلا ت کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے مطابق خلاف ورزی پر اجتماعات کے منتظمین اور شرکا پر بھاری جرمانے ہوں گے ۔ مکان ، ریسٹ ہاؤس ، فارم یا کھلی جگہ پر پچاس سے زائد افراد کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ، خلاف ورزی کرنے پر مکان مالکان اور ذمے داروں پر پندرہ ہزارریال جرمانہ عائد کیا جائیگا ، اجتماع میں شریک پر فرد پر پانچ ہزار ریال جرمانہ عائد ہوگا۔
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ نئی پابندیاں برطانیہ میں رپورٹ ہونے والی کورونا وائرس کی نئی قسم کے پیش نظر لگائی جارہی ہیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے سبب چھ ہزار اموات ہوچکی ہیں ، اور تین لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں ۔سب سے زیادہ کورونا کیسز مکہ میں رپورٹ ہوئے جہاں متاثرین کی کل تعداد 87 ہزار ہے ، ریاض 74 ہزار 499اور مدینہ میں 29 ہزار 595 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ۔
سعودی عرب نے تمام بین الااقوامی پروازوں کی آمدو رفت پر ایک ہفتے کے لیے عارضی پابندی عائد کردی ہے ۔ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کیلئے فلائٹس شیڈول کی منسوخی کا اطلاق آج مورخہ 21 دسمبر سے نافذ العمل ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ملک بھر سے 18 فلائٹس کو سعودی عرب جانا تھا جسے پابندی کے باعث فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کی سعودی عرب جانے والے پروازوں پر پابندی کب تک جاری رہے گی، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ تاہم مسافروں کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جیسے ہی سعودی عرب کی جانب سے اجازت ملے گی، انھیں پہلی دستیاب فلائٹس کے ذریعے مطلوبہ منزل پر پہنچا دیا جائے گا۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسافروں کی سہولت کیلئے رابطہ نمبر بھی جاری کر دیئے گئے ہیں تاکہ انھیں کسی بھی پریشانی سے بچایا جا سکے۔ پی آئی اے کے تمام مسافر پی آئی اے کی ہیلپ لائن 111786786 کے اپنی شکایات درج اور مطلوبہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔