یکساں تعلیمی نظام قوم کو یکجا ہو کر ترقی کی راہ پر لگائے گا، شفقت محمود

12:07 PM, 21 Dec, 2020

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ مختلف نصابوں کے باعث قوم کی ایک سوچ نہیں بن سکتی تھی۔ یکساں تعلیمی نظام قوم کو یکجا ہو کر ترقی کی راہ پر لگائے گا۔

وزیر تعلیم نے یہ بات ایک سیمینار سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ یکساں تعلیمی نظام قوم کو یکجا ہو کر ترقی کی راہ پر لگائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں قوم مختلف نصابوں میں بکھری ہوئی تھی۔ پاکستان کو کافی چیلنج تھے لیکن اب بہتری آ رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان بالکل صحیح سمت میں چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بیانیے پر سوچنا چاہیے تاکہ قوم کا نظریہ بلکل شفاف ہو۔ دہشت گردی کے چیلنجوں کے پیچھے بھی ایک بیانیہ ہے جس کا پاکستان نے مقابلہ کرنا ہے۔ پاکستان کے اوپر مختلف چیلنج آئے اور تمام میں بیانیے کی ہی جنگ تھی۔

وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہم ایک قوم ہیں۔ تحریکوں کی کامیابی میں بیانیہ کا مضبوط ہونا بہت ضروری ہے۔ دشمن نے ہمیشہ کوشش کی کہ وہ اپنا بیانیہ پاکستان پر مسلط کرے۔ اصل جنگ بیانیہ کی ہوتی ہے۔ قوموں کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے طلبہ وطالبات کو ہدایت کی تھی کہ وہ عالمی وبا کے باعث تعلیمی اداروں کی جانب سے دی گئی چھٹیوں کو فارغ بیٹھ کر گزاریں بلکہ اپنے نصاب پر توجہ دیں، نظر ثانی کریں اور پڑھائی پر بھرپور توجہ دیں۔

مزیدخبریں