کراچی: سعودی عرب کی جانب سے عالمی وبا کی دوسری لہر کے خطرات کے پیش نظر غیر ملکی پروازوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، پی آئی اے نے بھی اس تناظر میں اپنی تمام فلائٹس کا شیڈول منسوخ کر دیا ہے۔
قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کیلئے فلائٹس شیڈول کی منسوخی کا اطلاق آج مورخہ 21 دسمبر سے نافذ العمل ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ملک بھر سے 18 فلائٹس کو سعودی عرب جانا تھا جسے پابندی کے باعث فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے کی سعودی عرب جانے والے پروازوں پر پابندی کب تک جاری رہے گی، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ تاہم مسافروں کو اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جیسے ہی سعودی عرب کی جانب سے اجازت ملے گی، انھیں پہلی دستیاب فلائٹس کے ذریعے مطلوبہ منزل پر پہنچا دیا جائے گا۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسافروں کی سہولت کیلئے رابطہ نمبر بھی جاری کر دیئے گئے ہیں تاکہ انھیں کسی بھی پریشانی سے بچایا جا سکے۔
پی آئی اے کے تمام مسافر پی آئی اے کی ہیلپ لائن 111786786 کے اپنی شکایات درج اور مطلوبہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے عالمی وبا کی دوسری لہر اور اس کے خطرات کے پیش نظر تمام غیر ملکی پروازوں پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔
جن ممالک کی ایئر لائنز پر پابندی عائد کی گئی ہے، ان میں پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے بھی شامل ہیں۔ سینکڑوں مسافروں نے سعودی عرب جانے کیلئے پی آئی اے کے ذریعے اپنی نشستیں بک کرائی ہوئی تھیں تاہم انھیں شیڈول کے متاثر ہونے بارے آگاہ کر دیا گیا ہے۔