عالمی وبا نے ایک اور سیاستدان کی جان لے لی، سینیٹر کلثوم پروین کا انتقال

09:36 AM, 21 Dec, 2020

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر کلثوم پروین انتقال کر گئیں۔ مرحومہ کلثوم پروین گزشتہ کئی روز سے عالمی وبا کا شکار تھیں۔ چیئرمین سینیٹ سمیت اہم شخصیات نے ان کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیل کے مطابق گزشتہ کئی روز سے عالمی وبا میں مبتلا سینیٹر کلثوم پروین قضائے الہیٰ سے وفات پا گئی ہیں۔ مرحومہ گزشتہ کئی روز سے عالمی وبا میں مبتلا ہو کر ہسپتال میں زیر علاج تھیں، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں اور انتقال کر گئیں۔

چیئرمین سینیٹ سمیت دیگر سیاسی قائدین نے سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ وہ محترمہ کلثوم پروین کے انتقال پر انتہائی افسردہ ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے اہلخانہ اور عزیز واقارب کے غم میں پوری طرح شریک ہیں۔

صداق سنجرانی کا کہنا تھا کہ سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال سے ایوان بالا ایک انتہائی فعال رکن اور پروگریسیو سوچ رکھنے والی مدبر سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے۔

خیال رہے کہ سینیٹر کلثوم پروین میں گزشتہ ماہ عالمی وبا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ طبعیت بگڑنے کے بعد انھیں اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں منتقل کیا گیا تاہم حالت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے بعد ازاں نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا۔ مرحومہ گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر تھیں۔

مزیدخبریں